
اسلام آباد (جیوڈیسک) بنی گالا میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 11 مئی کے انتخابات سب سے بڑا فراڈ تھے۔ پنجاب میں کونسی دودھ کی نہریں بہہ رہیں ہیں جو (ن) لیگ کو اتنے ووٹ پڑ گئے؟۔
انہوں نے چیلنج کیا کہ (ن) لیگ کوئٹہ، کراچی اور اسلام آباد میں جلسہ نہیں کر سکتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسے لگ رہا ہے جیسے صرف پنجاب ہی پاکستان ہے۔ حکمران کراچی سرکلر ریلوے بند کرا کر لاہور لے گئے۔
شمالی وزیرستان کو آپریشن کر کے ملک سے الگ کیا جا رہا ہے۔ وہاں کے لوگ علیحدگی کا سوچ رہے ہیں۔ جن کے بچے مریں گے وہ پاکستان کا کیسے سوچیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت نے بجلی کی جنریشن ان کے حوالے کرنے کا چیلنج قبول نہیں کیا۔
