
سری نگر (جیوڈیسک) بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر میں موبائل ایس ایم ایس سروس پر 4 سال سے عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلی عمرعبداللہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا جاتا تھا، جنھیں سامنے رکھتے ہوئے حکومت نے سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد موبائل ایس ایم ایس سروس پر عائد پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور اب موبائل ایس ایم ایس پر 4 سال سے عائد پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 2010 میں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو دبانے کے لئے موبائل ایس ایم ایس سروس معطل کردی تھی لیکن زبردست عوامی احتجاج کے بعد ایس ایم ایس پر پابندی صرف پری پیڈ یا ری چارج ایبل سِم کارڈ استعمال کرنے والوں پر لگا دی گئی۔
