
لندن (جیوڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ایبولا وائرس کے باعث مغربی افریقہ میں مزید 84 افراد ہلاک ہوگئے اور مہلک مرض کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1229 ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے اعلان کیاکہ اس بیماری کے تصدیق شدہ اور ممکنہ متاثرین کی تعداد 2240 ہو چکی ہے جس میں گذشتہ ہفتے اس بیماری میں مبتلا ہونے والے113 نئے مریض بھی شامل ہیں۔
زیادہ ترنئی اموات لائیبریا میں واقع ہوئیں جہاں اہلکاروں کی یہ کوشش رہی ہے کہ اس وائرس پر کنٹرول کیا جائے۔
لائبیریا کی حکومت نے کہاکہ ایبولا کے مشتبہ 37 مریضوں پر نگاہ رکھی جارہی ہے، جو دارالحکومت، مونروویا میں قائم متعدی امراض میں مبتلا مریضوں کے علیحدہ شفا خانے سے بھاگ نکلے تھے۔
اس کی وجہ اتوار کے روز مسلح افراد کی طرف سے ان پر کیا جانے والا حملہ اور لوٹ مار کی کوشش تھی۔ وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ قریبی مکینوں میں ’’غلط فہمی‘‘ کا عنصر پایا جاتا ہے، جن کا خیال تھا کہ ملک بھر کے ایبولا کے متاثرین کو وہاں لاکر داخل کیا جا رہا ہے۔ اس اندیشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اس واقعے کے نتیجے میں، یہ بیماری وسیع علاقے میں پھیل سکتی ہے۔
