لاہور : پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما و یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے امن کی کوششیں مصلحتوں سے پاک ہوئی تو ضرور کامیابی ملے گی، دہشت گردی نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، قومیں اپنے فیصلوں سے بڑی بنتی ہیں۔دہشت گردی کے زخموں سے چور پاکستانی عوام امن کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں پنجاب کے صدر ذوالفقار پپن اور جنرل سکرٹری فراز اعوان سمیت پنجاب کے دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔
سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی قیادت چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہٰی نے امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کے ساتھ چل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال درست ہوئی تو ملک ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہو گا۔
