کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں بڑھتی ہوئی بد امنی اور بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات اس بات کی علامت ہیں کہ نہ صرف حکمران عوام کو تحفظ کی فراہمی میں ناکام ہوچکے ہیں بلکہ سیاسی مفاد پرستی کے باعث متعلقہ ادارے بھی اپنی افادیت سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ تحفظ و امن کے ذمہ دار اداروں کی ملی بھگت اور سرپرستی کے باعث ہی پورا ملک ناجائز اسلحہ گولہ بارود اور آتش گیر مواد کی منڈی بن چکا ہے۔
اور جرائم پیشہ عناصر و دہشت گرد اسلحہ و گولہ بارود کی ترسیل و نقل و حمل کیلئے مکمل طور پر آزاد ہیں یہی وجہ ہے کہ قاتل اور دہشتگرد عوام کو نشانہ بنارہے ہیں اور مجرم قانون کے رکھوالوں اور سیاستدانوں کی ملی بھگت سے عوام کو مسلسل لوٹ رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حالات انتہائی خراب اور ملک کا مستقبل غیر محفوظ ہوچکا ہے۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فانڈیشن ( این جی پی ایف ) کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ پشاور میں چرچ پر دہشتگردانہ حملہ نہ صرف مسیحی برادری پر ظلم بلکہ پاکستان کیخلاف سازش اور آئین و قانون سے تصادم ہے اور حکمران ایسا کرنے والوں سے مذاکرات کے ذریعے امن کے خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی سچ نہیں ہوسکتے۔
