
گوجرانوالہ: سنی اتحاد کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی نے کہا ہے کہ عوام انقلاب اور احستاب کیلئے اٹھ کھڑے ہوں۔انقلاب مارچ ماڈل ٹائون تک محدود کرنے اور احتجاج کو انتشار قرار دینے والے حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔حکمران پر امن عوام کو تشدد پر مجبور نہ کریں۔قائدین کی نظر بندی کے احکامات آمرانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ڈویژنل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت ڈویژنل صدر الحاج سرفراز احمد تارڑ نے کی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا عمران خان اور طاہر القادری کا حق ہے۔جسے چھینا نہیں جا سکتا۔حکمران اپنی پہ در پہ حماقتوں،تکبر اور بدحواسیوں سے دلدل میں پھنس گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انقلاب اور آزادی مارچ اکٹھے ہونے سے حکمرانوں کے ہوش اڑ گئے ،پسینے چھوٹ گئے اور دماغی توازن کھو بیٹھے ہیں۔عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کا اشتراک انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کے تمام کردار بے نقاب ہو چکے ہیں۔اب دولت بذریعہ سیاست اور سیاست بذریعہ دولت کا فارمولہ نہیں چلے گا۔
