
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) سفاکیت کی بدترین مثال سانحہ پشاور کے زخمیوں اور شہداء کے بہادر والدین سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر کی طرح وزیرآباد کے ہزاروں افراد نے بھی یک جان اور یک زبان ہو کراپنے جذبات کا اظہار کیا۔
سانحہ پشاور کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں شہر میں مکمل شٹر ڈائون رہا۔ اس موقعہ پر شہر کی سیاسی، سماجی مذہبی تنظیموں کی طرف سے دہشت گردی کے واقعات کیخلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔بارایسوسی ایشن وزیرآباد کی طرف سے کچہری احاطہ میں شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس کی امامت منصور الرحمن سلیمی ایڈووکیٹ نے کرائی ، دوسری جانب شہرکی مختلف تنظیموں کی طرف سے کچہری چوک میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس کی امامت مولانا عبد الستار حامد نے کرائی۔
واقعہ شہدا ء کے درجات کی بلندی کیلئے قرآن خوانی کروائی گئی جبکہ زخمیوں کی صحتیابی اور شہداء کے ورثاء کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعائیں کی گئیں۔سانحہ پشاور میں بزدل دہشت گردوں کی سفاکیت نے پوری قوم کو جہاں غم میں مبتلا کیا ہے وہاں قوم کی یکجہتی کے مناظر نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ کوئی ان کے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتا اور پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ ملکر دہشت گردوں کو کچلنے کا عزم رکھتی ہے۔
اس موقعہ پر مقررین صدر بار افتخار احمد چوہان، سابق صدر عرفان مقبول بٹ ایڈووکیٹ، شیخ طارق امین خالد ایڈووکیٹ،احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ، بلال شیخ ایڈووکیٹ، صدر پریس کلب دھونکل محموداحمد خان لودھی، صدر صحافت بچائو تحریک سید شہباز بخاری،نواز مغل، عابد پرویز،محمد یونس بھٹو اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے اردگرد حالات پر کڑی نظر رکھیں اور وطن دشمنوں کو انجام تک پہنچانے کیلئے سیکیورٹی اداروں کیساتھ بھرپور تعاون کریں۔
مقررین نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اب اپنے ذاتی مفادات کا کھیل ترک کردیں اور قومی اداروں کو آزادانہ طور پر ملک وقوم کے وقار کیلئے کام کرنے کا موقعہ دیں۔
