
کراچی (جیوڈیسک) شام میں حکومت کی جانب سے شہریوں کو کیمیائی ہتھیاروں کے ذریعے ہلاک کرنے کے الزامات کے بعد مغربی ممالک کی فوجی کارروائی کے امکانات بڑھ رہے ہیں۔ امریکی فورسز کی پیش رفت صدر اوباما کے حکم سے مشروط ہے جبکہ شام نے ممکنہ بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان کردیا ہے۔شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے معاملے پرامریکا اوراس کے اتحادیوں نے صدر بشار الاسد کی حکومت پر دباو بڑھا دیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ صدر اوباما کے حکم کے تحت امریکی فوج کارروائی کے لیے تیارہے۔
امریکی جنگی بیڑے بحیرہ روم میں متحرک ہورہے ہیں جبکہ برطانیہ نے بھی جنگی طیارے اور فوجی سازو سامان جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔ عرب لیگ نے کہا ہے کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے خبردار کیا ہے کہ بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ شام ایسے وسائل سے دفاع کرے گا کہ دنیا حیران رہ جائے گی۔
