
لندن (جیوڈیسک) مشرق وسطی میں پھر طبل جنگ بجنے کا خطرہ بڑھتے ہی برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں مظاہرے بھی شروع ہو گئے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی لندن میں رہائش گاہ کے سامنے سیکڑوں افراد نے مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ برطانیہ اورامریکا مشرق وسطی کی جان چھوڑدیں اور خطے کو نئی جنگ میں نہ دھکیلیں۔
مظاہرین بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر جنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ برطانوی حکومت شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے امریکا کا ساتھ دے رہی ہے تاہم مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ حکومت کی تبدیلی کے پیچھے مقاصد کیاہیں اور کس بنیادپر شام کے شہریوں کو قربان کیا جا رہا ہے۔
