
حافظ آباد (جیوڈیسک) پی پی 107 حافظ آباد کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا اور مسلم لیگ ن سے سیٹ چھین لی، نگہت انتصار کی فتح پر کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔
پی پی 107 پنڈی بھٹیاں میں مسلم لیگ نواز کے سرفراز بھٹی اور تحریک انصاف کی نگہت انتصار میں کانٹے کا مقابلہ ہوا لیکن فتح کا سہرا تحریک انصاف کے سر سجا، 154 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق نگہت انتصار کو 44033 ووٹ ملے جبکہ سرفراز بھٹی 38732 ووٹ حاصل کر سکے۔
سخت گرمی میں اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے پورا دن محنت کرنے والے کارکنوں کی خوشی دیدنی تھی۔ خبر سنتے ہی مٹھیائیوں کے ٹوکرے کھل گئے، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔
جشن منانے کیلئے تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز چودھری بھی نگہت انتصار کے گھر پہنچ گئے اور کارکنوں کے ساتھ جیت کی خوشی منائی۔
