
کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر سید اویس مظفر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ٹکراؤ کی سیاست نہیں چاہتی۔ پیر کو بلاول ہاؤس سے متصل اپنی رہائش گاہ پر سجاول اور ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی لیڈیز ہیلتھ ورکرز میں تقررناموں کی تقسیم کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وژن روٹی، کپڑا اور مکان ہے اوروہ اسی نعرے پر عمل پیرا ہوکر عوام کو روزگار اوردیگر سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اپنے وژن اور محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے عوام کو روز گار فراہم کر رہی ہے۔
اسی وژن اور مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سندھ حکومت نے 22 ہزار لیڈیز ہیلتھ ورکرز کو مستقل کیا ہے جبکہ دیگر ملازمین کو بھی جلد مستقل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہدایت کی ہے۔
کہ بی بی کے مفاہمتی عمل کوجاری رکھتے ہوئے تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کرچلا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ قائد عوام ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
لیکن کرنہیں پاتے کیونکہ بھٹو بننا آسان نہیں۔ اس سوال کے جواب میں کہ بھٹوکا وارث بھٹو ہوسکتا ہے زرداری نہیں، اویس مظفر نے کہاکہ یہ سوچ فردواحد کی ہوسکتی ہے سب کی نہیں۔ بلاول بھٹوزرداری محترمہ بینظیر بھٹو کے حقیقی وارث ہیں۔
