
اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے چار حلقوں میں تصدیق سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی، عدالت نے حلقہ این اے ایک سو پچیس اور ایک سو چوون میں انگوٹھوں کی تصدیق سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی چار حلقوں میں تصدیق سے متعلق درخواست سماعت کے لئے باقاعدہ منظور کر لی ہے۔ عدالت نے حلقہ این اے 125 اور 154 میں انگوٹھوں کی تصدیق سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالتی حکم کے باوجود دونوں حلقوں میں تصدیق کا عمل کیوں نہیں کیا گیا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عدالت میں پیرا وائز جواب جمع کرائیں۔درخواست سماعت کے لئے منظور ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پاکستان کی سپریم کورٹ اور میڈیا آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا درخواست پاکستان میں جمہوریت کے لیے دائر کی گئی۔
عمران خان اس سے پہلے جب سپریم کورٹ پہنچے تو تحریک کے مرکزی رہنما بھی ان کے ساتھ تھے۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا دھاندلی ہی کرنی ہے تو بلدیاتی الیکشن نہ کرائے جائیں۔انھوں نے کہا وہ صرف 4 حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق چاہتے ہیں۔
