
میانوالی (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کا سونامی آج میانوالی میں ٹھاٹھیں مارتا نظر آئے گا ، کارکنوں نے بھرپور تیاری کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچنا شروع کر دیا ، عمران خان اور دوسرے رہنما کارکنوں سے خطاب کریں گے ، شہر میں جشن کا ساسماں ہے ، عمراں خان کی تصویروں والے بیجز دھڑا دھڑ بک رہے ہیں۔
تحریک انصاف کے متوالوں کے قافلے میانوالی کی جانب رواں دواں ہیں۔ کارکنوں کی بڑی تعداد سرخ اور سبز ٹوپیاں پہنے اور گلے میں چادریں ڈالے پنڈال میں پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔ پر جوش کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو اب جانا ہوگا۔
جلسہ گاہ کے باہر لگے سٹال پر کارکنوں کے لئے سرخ اور سبز ٹوپیاں ، ٹی شرٹس ، گلے میں ڈالنے کے لئے چادریں اور عمران خان کی تصویر والے بیج دھڑا دھڑ بک رہے ہیں۔ عمران خان کے چاہنے والے چہروں کو پارٹی پرچم کی مناسبت سے رنگوا رہے ہیں۔
دوسری طرف گورنمنٹ ہائی سکول فیلڈ میانوالی کی گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے جلسے کا پنڈال تیار ہے۔ پنڈال میں مرکزی رہنماؤں کے خطاب کے لئے آٹھ کنٹینروں پر مشتمل 20 فٹ اونچا ، 80 فٹ لمبا اور 30 فٹ چوڑا سٹج تیار کیا گیا ہے جہاں سے عمران خان سمیت دوسرے رہنما کارکنوں سے خطاب کریں گے۔ رہنماؤں کی آواز دور دور تک پہنچانے کے لئے ساؤنڈ سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔
جلسے میں تحریک انصاف کے خصوصی نغموں سے کارکنوں کے جوش اور خون کو گرمانے کے لئے آواز و آہنگ کے ماہر ڈی جے بٹ کو خصوصی طور پر اسلام آباد سے لایا گیا ہے ،ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد گنجائش کے پنڈال میں بیس ہزار نیلی پیلی اور سرخ کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ گراؤنڈ کا باقی حصہ خالی رکھا گیا ہے۔ پنڈال کے اطرٖاف میں سیکورٹی کا سخت انتظام ہے ، گرائونڈ میں داخلے کے لئے واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے ہیں ، بم ڈسپوزل سکواڈ نے بھی گراؤنڈ کی سوئپنگ کی۔
