لاہور: اکستان مسلم لیگ پنجاب ڈاکٹرز ونگ کے صدر ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی نے کہا ہے کہ دوائیوں کے فنڈز نام نہاد ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنا غریب مریضوں کے ساتھ ظلم ہے ، پنجاب حکومت میٹروبس چلانے کے لیے 12 ارب سالانہ سبسڈی دے سکتی ہے ، تو ہسپتالوں کو ادویات خریدنے کے لیے مختص شدہ پورا بجٹ کیوں نہیں دیتی۔
انہوں نے صوبہ کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی بندش اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں ٹیسٹ کی مفت سہولت ختم کیے جانے بالخصوص پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال کے ادویات کے فنڈز میں کٹوتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پنجاب کے موجودہ حکمران غریب مریضوں سے زندہ رہنے کی امید نہ چھینیں۔
انہوں نے مطالبہ کہا کہ پی آئی سی کے 5 ہزار مریضوں کے بائی پاس آپریشن کے لیے بلاتاخیر فنڈز جاری کیے جائیں اور ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی جو چودھری پرویز الہٰی کے دور حکومت میں ممکن بنائی گئی تھی وہ سلسلہ دوبارہ بحال کیا جائے۔
