
کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کے علاقے سیٹیلائٹ ٹائون میں سرکی روڈ پر واقع مارکیٹ میں دھماکے اور فائرنگ سے بچے سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جاں بحق افراد میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جو معمول کے گشت پر تھی۔ دھماکے سے ایف سی کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور قریبی عمارتوں اور دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکا خیر مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی۔ دہشتگردی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے۔ امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
صوبہ بلوچستان میں گزشتہ رات سے اب تک 7 دھماکے ہو چکے ہیں۔ پہلا دھماکا شام سوا سات بجے سرکی روڈ پر ہوا جس سے رکشا ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔ رکشا ڈرائیور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ واقعہ کے ٹھیک دس منٹ بعد انڈسٹریل ایریا تھانے کے سامنے دھماکا ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد شہر کے وسط میں موتی رام روڈ پر دھماکا ہو گیا جس سے ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ یکے بعد دیگرے ہونیوالے دھماکوں کے باعث شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق تینوں دھماکے ایک جیسی ڈیوائسز سے کئے گئے۔ دوسری جانب خضدار شہر میں گزگی چوک کے قریب نجی سکول پر دستی بموں سے دو حملے کئے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
