
فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے پولیس جوانوں نے انوکھا کام کیا ہے، اپنے ہی ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر ن لیگ کے رکن اسمبلی کے خلاف درج مقدمے کا ریکارڈ ہی غائب کر دیا، سی پی او فیصل آباد نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے دو اہل کاروں کو گرفتار کرا دیا۔
مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی رانا شعیب ادریس نے گزشتہ سال جنوری میں تھانہ کھرڑیانوالہ پر دھاوا بولا اور اہل کاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر ان کے خلاف اسی تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
اب ایک بار پھر اسی نوعیت کا واقعہ رونما ہونے پر رانا شعیب کے خلاف انکوائری کے لیے سابقہ ریکارڈ دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کے خلاف درج مقدمے کا ریکارڈ غائب ہے جس پر سی پی او کی ہدائت پر ایک اے ایس آئی عمردراز اور اس وقت کے تھانہ محرر غضنفر کے خلاف مقدمہ درج کرکے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اور اس پرانے مقدمے کا ریکارڈ تلاش کیا جا رہا ہے۔
