چکوال: راولپنڈی سے میانوالی لائی جانیوالی 15 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی۔ پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ دو گاڑیوں میں سوار ملزمان جن کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 15 کروڑ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی نالہ انکڑ چیک پوسٹ پر ٹمن پولیس نے پکڑی ایک گاڑی جس میں کرنسی رکھی گئی تھی موقعہ پر پکڑی گئی۔
جبکہ اس میں سوار پانچ افراد کو جو کہ پٹھان بتائے جاتے ہیں کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ دو گاڑیاں ڈرائیور بھگا کر لے گئے۔کرنسی جاپان، ڈنمارک، کویت، عمان، سعودی عرب، ناروے کی بتائی جاتی ہے پولیس کے مطابق کرولا کار نمبر اے سی 377 راولپنڈی سے میانوالی جا رہی تھی ڈرائیور فاروق سکنہ راولپنڈی اور شمس الرحمن ساکن کوئٹہ و دیگر ملزمان شامل ہیں۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک پولیس اس بات کا تعین نہیں کر سکی کہ کرنسی سمگل کی جا رہی تھی یا اسے منی ایکسچینج کے لیے لایا جا رہا تھا۔ دوسری جانب پکڑنے جانیوالے ملزمان کا موقف ہے کہ انہیں راولپنڈی کے رہائشی ایک شخص نے مزکورہ رقم میانوالی منتقل کرنے کیلیے گاڑی کی بکنگ آٹھ ہزار روپے اور سات ہزار روپے جیب خرچ دیا تھا۔
