کراچی : عوام ایک جناب توانائی بحران کے باعث تباہ حال معیشت کی وجہ سے روزی روٹی سے محروم ہیں جو دوسری جانب بھتہ مافیا، فطرہ مافیا اور جرائم پیشہ عناصر ان کیلئے سوہان روح بنے ہوئے ہیں، ٹارگیٹ کلرز اور بے جرم و خطا قتل کرکے کوٹہ پورا کرنے والے قاتلوں کی آزادی اور سفاک دہشت گردوں کو پکڑنے میں حکومت و اداروں کی عدم دلچسپی نے عوام سے جینے کا حق اور احساس تحفظ بھی چھین لیا ہے جبکہ ٹریفک اور پولیس اہلکار دس دس روپے میں جس طرح سے قانون کو فروخت کررہے ہیں۔
اس کی وجہ سے کراچی پتھارہ مافیا، پارکنگ مافیا ، ٹینکر مافیا اور گداگر مافیا کے قبضے میں سسکنے پر مجبور ہوگیا ہے اور اس سسکتے بلکتے شہر کے شہری دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر و قاتلوں کے علاوہ ان مافیا زکے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔ نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن ( این جی پی ایف ) کے چیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ سیاستدانوں اور مذہبی بازیگروں کی مہربانی سے انتشار اور فرقہ بندیوں کا شکار قوم پہلے ہی دہشتگردوں اور قاتلوں کے ہاتھوں کم بیزار نہ تھی۔
حکمرانوں کی مہربانی اور پولیس کی نوازشوں کے باعث سڑکوں پر موجود غیر قانونی و چارجڈ پارکنگ، سڑکوں کو برباد رتے ہوئے واٹر ٹینکر اور سڑکوں پر درمیان تک موجود پتھاروں کے ساتھ بے ہنگم و بے سمت ٹریفک نے لمحوں کی مسافت کو گھنٹوں میں تبدیل کردیا ہے اور ٹریفک جام کے باعث شہری افطار میں گھر پہنچنے سے محرومی کے علاوہ بسوں، ویگنوں اور سڑکوں و اسٹاپوں پر روزہ کھولنے پر مجبور ہیں۔
