
جدہ (نوید فاروقی) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لئے ”سمارٹ آئی ڈی کارڈ” ایک پریس کانفرنس میں متعارف کروا دیا گیا۔ پریس کانفرنس میں پاکستان قونصلیٹ کے قونصل جنرل آفتاب کھوکھر اور نادرہ کے مینیجر فرخ بشیر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاطف زمان شامل تھے۔
پریس کانفرنس کے دورانک قونصل جنرل آفتاب کھوکھر نے کہا کہ اوورسیز میں سعودی عرب پہلا واحد ملک ہے جس میں سمارٹ کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد دبئی اور انگلینڈ میں کیا جائے گا۔
سعودی عرب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان حکومت اور قونصلیٹ بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئیے کوشاں ہے۔
آفتاب کھوکھر نے سمارٹ کارڈ کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور 9/11 کے بعد کے حالات کو مدنظع رکھتے ہوئے گزشتہ کئی سالوں سے حکومت پاکستان اس منصوبے پر عمل پیرا تھی۔ سمارٹ کارڈ 30سے زائد سہولیات پر مشتمل ہے۔ یہ کارڈ پولی کاربونیٹ سے بنایا جائے گا جس کی مدت معیاد 10 سال سے زائد ہو گی۔ کارڈ پر پرنٹنگ لیزر کی مدد سے کی جائے گی۔
انہوں نے جدہ قونصلیٹ میں سمارٹ کارڈ کی فیس کے حوالے سے بتایا کہ سمارٹ کارڈ بنوانے کے لئیے نارمل فیس 132 سعودی ریال اور ایگزیکٹو کے لئیے 172 ریال وصول کئیے جائیں گے۔
انہوں نے سعودی عرب میں موجود پاکستان کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ سمارٹ کارڈ کے حصول کے لئیے جلد سے جلد درخواستیں جمع کروائیں۔
سمارٹ کارڈ کی دیگر خصوصیات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے نادرا جدہ کے مینیجر فرخ بشیر نے کہا کہ سمارٹ کارڈ میں حادثات کی صورت میں ہونے والی اموات کے لئیے ایک لاکھ کی انشورنس کے علاوہ، رقوم کی منتقلی، ویلفئیر سکیم، الیکٹرونک ووٹنگ، ڈرائیونگ لائینسس اور ا یمونیشن لائیسنس کی تجدید، حج و عمرہ پیکجز، سٹورز اور ائیرلائنز پر ڈسکاونٹ پروگرامز جیسی سہولیات میسر ہونگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمارٹ کارڈ شہریوں کی جدید خطوط پر شناخت کے لئیے بنایا گیا ہے۔ سمارٹ کارڈ میں ایک ( 7کے) کی الیکٹرانک چپ نصب ہے جس میں متعلقہ شخص کی مکمل معلومات دستیاب ہونگی۔
