
ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب میں سارس نما وائرس سے مزید دو افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ریاض سعودی عرب کے محمکہ صحت کے مطابق 2 مزید افراد سارس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح سعودی عرب میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت سارس نامی وائرس سے ملتے جلتے اس وائرس کو دنیا کے لئے ایک نیا خطرہ قرار دے چکا ہے۔
سعودی عرب میں اس وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ یہ وائرس انسانی نظام تنفس پر حملہ کرتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے تمام ملکوں کی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں عام لوگوں کو آگاہ کریں اور طبی نگرانی کے عمل کو موثر بنائیں۔ واضع رہے کہ 2003 میں اس وائر س کا شکار ہوکر 800 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
