
ایڈن برگ (جیوڈیسک) اسکاٹ لینڈ کی آزادی کے فیصلے پر ریفرنڈم میں ایک دن باقی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم، ڈپٹی وزیر اعظم اور اپوزیشن رہنما نے وعدہ کیا ہے کہ اگر اسکاٹ لینڈ نے برطانیہ کا حصہ بنے رہنے کا فیصلہ کیا تو اسے فوری طور پر اضافی اختیارات دے دیئے جائیں گے۔
اسکاٹ لینڈ میں جمعرات کو ہونے والے ریفرنڈم میں آزادی کے حامیوں اور مخالفین میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ ایسے میں اسکاٹ لینڈ کے اخبار میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون، ڈپٹی وزیر اعظم نک کلیگ اور اپوزیشن لیڈر ایڈ ملی بینڈکی جانب سے ایک عہد سامنے آیا ہے جس میں ان رہنمائوں نے اسکاٹ شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر وہ برطانیہ کا حصہ رہے تو اگلے ہی روز مرکزی حکومت کی جانب سے اسے وسیع تر نئے اختیارات دینے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔
یہ وعدہ بھی کیا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کی پارلیمنٹ نیشنل ہیلتھ سروس کا بجٹ خود مختص کرنے کی اہل ہوگی۔ تینوں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ لوگ تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں اور آزادی کی مخالفت میں دیا جانے والا ووٹ جلد، محفوظ اور بہتر تبدیلی فراہم کرے گا۔
