
نئی دہلی (جیوڈیسک) ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست سے دوچار بھارتی ٹیم کو سابق بھارتی کرکٹرز نے گویا آؤٹ ہی کر دیا۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ ایک ہار سے بھارت بھر کا دل ٹوٹ گیا۔
لیجنڈ مدن لال کہتے ہیں کہ بیٹسمینوں نے غلطی سے خود اپنی وکٹیں گنوائیں۔ انہوں نے اور ویرات کوہلی کے آؤٹ ہونے پر بھی شدید تنقید کی۔ سابق کپتان محمد اظہر الدین نے بھی اپنی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ دفاعی چیمپئن بھارت نے جیت کا اچھا موقع ہاتھ سے گنوا دیا۔
سیمی فائنل میں شکست کا سارا غصہ کپتان مہندر سنگھ دھونی پر نکلنے لگا ہے جس کے بعد ان سے ریٹائرمنٹ کا مطالبہ بھی بڑھ گیا ہے۔ جواب دھونی کا کہنا تھا کہ ابھی وہ تینتیس سال کے ہیں اس لئے کرکٹ کو خیرباد نہیں کہیں گے۔ بھارتی میڈیا پر دھونی کو اینی میشن میں روتے ہوئے بھی دکھایا جاتا رہا۔
دوسری جانب مشتعل کرکٹ تماشائیوں کی طرف سے ممکنہ حملے کے پیش نظر رانچی میں کپتان کے گھر پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ بھارت کے کئی شہروں میں شائقین کرکٹ نے ٹی وی بھی توڑ دیئے اور کھلاڑیوں کے پوسٹر بھی جلا دیئے۔
