
اسلام آباد (جیوڈیسک) آج سینیٹ میں اپوزیشن بینچیں خالی ہوں گی۔ وزیر داخلہ کے رویے کیخلاف حزب اختلاف اپنا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر لگائے گی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے رویے کے خلاف گذشتہ روزسینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس اپوزیشن لیڈر چوہدری اعتزاز احسن کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ میں اپوزیشن احتجاج کے طور پر پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپنا الگاجلاس منعقد کرے گی۔
اپوزیشن جماعتوں نے ایوان سے باہر اجلاس کا ایجنڈا بھی تیار کر لیا ہے جس میں ڈرون حملے، مہنگائی، سیکیورٹی صورت حال، لاپتہ افراد، زلزلہ متاثرین کی بحالی، فاٹا، کراچی کی صورت حال، وزیر داخلہ کے رویے اور سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق زیر بحث لائے جائیں گے۔
چوہدری اعتزاز احسن نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ چوہدری نثار نے ایک بات کواپنی انا کا مسئلہ بنا لیا ہے، حکومتی ارکان بھی چوہدری نثار کو پہاڑ کی چوٹی سے نہیں اتار سکے۔
