
لاہور (جیوڈیسک) بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار ہنس راج ہنس واہگہ بارڈر کے راستے گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے جہاں وہ آج ایک میوزک پروگرام میں پرفارم کریں گے۔
لاہور پہنچنے پر گفتگو کرتے ہوئے ہنس راج ہنس نے مجھے جب پاکستان آنے کی دعوت ملتی ہے تواپنی تمام مصروفیات ختم کرتے ہوئے دوڑا چلا آتا ہوں۔ پروگرام میں پرفارمنس تو اک بہانہ ہے، اصل میں بزرگوں کی درگاہ پر حاضری اور قریبی دوستوں کے ساتھ مل بیٹھنے کا موقع مل جاتا ہے۔ کئی بار پاکستان آچکا ہوں لیکن لاہوریوں کے پیار اور چاہت میں کمی کی بجائے اضافہ ہی ہوا ہے۔
میرے آنے سے قبل ہی قریبی دوستوں کے فون آنے لگتے ہیں جو میزبانی کی خواہش اس محبت، چاہت اور احترام سے کرتے ہیں کہ انکار کرتے ہوئے دل پرپتھر رکھنا پڑتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان آنے کا موقع کبھی جانے نہیں دیتا۔ دعا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات مستحکم ہوں اور نفرت کی دیواریں ایسی گریں کہ پھر کوئی انہیں دوبارہ کھڑا کرنا بھی چاہے تو اس کو کامیابی نہ مل سکے۔
