مصطفی آباد/للیانی : وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا غریب عوام کیلئے پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئندہ اور قابل تعریف ہے، موجودہ حکومت ملک کو اقتصادی مشکلات سے نکالنے کیلئے سخت محنت کر رہی ہے۔
ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن MYO لاہور ڈویژن کے جزل سیکرٹری سعید احمد بھٹی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس سال 26 لاکھ کم وسیلہ خاندانوں کو 15ارب 90 کروڑ 54 لاکھ روپے کی براہ راست کیش سبسڈی فراہم کرے گی تاکہ ایسے غریب لوگ جو دو وقت کی روٹی کے لیے مہنگا آٹا خریدنے کی سکت نہیں رکھتے انہیں اپنی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کچھ ریلیف مل سکے۔
مسلم لیگ ن ملکی معیشت کو مضبوط خطوط پر استوار کرنے کیلئے جن پالیسیوں پر کاربند ہے ان کی بدولت ترقی و خوشحالی کی منزل اب زیادہ دور نہیں۔ ن لیگ ملک و قوم کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
