
تحریر : ایم سرور صدیقی
بحث زوروں پر تھی ہر کوئی اپنے پسندیدہ سیاستدانوں کے حق میں دلائل دے رہا تھا کچھ نیا شوشہ چھوڑ کر تماشا دیکھتا: اس سے محظوظ ہوتا پھر کوئی نئی پھلجھڑی چھوڑ دیتا جو جلتی پرتیل کا کام کر دیتی ایک صاحب نے تنگ آکر کہا چھوڑو۔۔ اب اپوزیشن کو سال بعد احتجاج کرنے کا خیال آیا ہے یہ کیا بات ہوئی؟ دوسرے نے ہاں میں ہاں ملائی شیخ رشید، عمران خان، شیخ الاسلام طاہر القادری اور چوہدری برادران ۔۔۔یعنی سب کے سب حکومت کے خلاف۔۔۔کمال ہے بھئی۔۔ 30 نومبر بس اب نواز شریف حکومت گئی۔۔۔ ایک جیالا حلق پھاڑ کر چیخا۔۔۔
چپ۔۔۔ایک بزرگ نے ڈانٹا ایسی یاتیں نہ کر زرداری ناراض ہو جائے گا یہ سنتے ہی جیالے کی ہنسی کو پریشر بریک لگ گئی۔۔۔ویسے شیخ رشید،عمران خان،پرویزالہی اور طاہر القادری نے حکو مت کو وخت پڑ گیاہے ایک اور شخص نے رائے دی
شیخ رشید اورعمران خان کے بارے میں کیا کہوں ایک موٹے سے سخص نے ہاتھ اٹھا کر،منہ پھلا کرکہاشیخ الاسلام کے بارے میں مجھے یقین ہے وہ سیاسی دوکاندارہے
کسی ایک کا نام لو دبلاپتلا پاٹ دار آوازمیں ترت بولا ۔۔۔جو سیاسی دوکاندار نہیں۔۔۔اس کی آواز سن کر سب کوجیسے سانپ سونگھ گیا۔۔ ایسی چپ کہ سب خاموش حیرت سے ایک دوسرے کے منہ کی طرف دیکھنے لگے ۔۔۔یہ نظام ہی ایساہے
کسی نے وقفے کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے کہا میں نظام کی بات نہیں کررہا دبلا پتلا پھر گویا ہوا ۔۔۔ہے کوئی سنگل پرسن۔۔جس کے بارے میں آپ کا دل گواہی دے کہ وہ سیاستدان ہے سیاسی دوکاندارنہیں۔۔ شایدکسی کے پاس اس تلخ سوال کا کوئی جواب نہیں تھا ۔۔۔ بزرگ نے کہا طاہرالقادری کے پروگرام یاطریقہ ٔ کار سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن اس کی باتیں دل میں ترازو ہو جاتی ہیں
جب تک۔۔۔ایک اور آواز گونجی جب تک یہ سسٹم تبدیل نہیں ہوتا مجھے تو بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی
میں اکثر سوچتا رہتا ہوں پاکستان میں جمہوریت سے مراد شاید خاندانی بادشاہت ہے میاں نواز شریف کے 22 عزیز و اقارب حکومت میں موجود ہیں ماضی میں یہی صورتحال پیپلز پارٹی کی تھی مذہبی جماعتوں کا حال شاید سب سے برا ہے دن رات جمہوریت، جمہوریت کا راگ الاپنے والوںمیں اختلاف رائے بھی برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں پارٹی ورکرتوبہت دورکی بات ہے یہ اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو ملازم جتنے حقوق دینے کیلئے تیار نہیں ہے جتنا غور کریں دل کو یقین ہوتا جاتاہے ملک میں جمہوریت کے نام پر سول ڈکٹیٹر شپ موجود ہے
شاید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر موجودہ حکومت تک سب جمہوری حکمرانوں کو انہی روایات سے پیارہے تبھی تو ان کو سینے لاکر رکھنا فخرسمجھا جاتاہے اس صورت ِ حال کے ذمہ دار عوام بھی ہیں جوتسلیم بھی کرتے ہیں زبان سے اظہار بھی لیکن انہوںنے ان سیاسی جماعتوںکو ایمان کا حصہ بنایا ہوا ہے ۔۔جب بھی کوئی یہ پو چھتاہے کسی ایک سیاستدان کا نام لو جو سیاسی دوکاندار نہیں سب بغلیں جھانکتے لگتے ہیں۔ کمال، حیرت ،افسوس اور اس سے بڑھ کریہ شرم کی بات نہیں کہ ہمارا دامن خالی ہے ہم کسی سنگل پرسن کو بھی نہیں جانتے جس کے بارے میں دل گواہی دے کہ وہ سیاستدان ہے سیاسی دوکاندارنہیں یعنی یہ ایسا قحط الرجال ہے جس کے بارے میں علامتی طورپر کہا جا سکتا ہے
قافلہ ٔ حجاز میں ایک بھی حسین نہیں جب تک اکثریت فیصلہ نہ کرلے کہ ہم نے اس ملک میں وہ جمہوریت لانے کی کوشش کرنی ہے جس کے ثمرات سے عوام فیضیاب ہوں تبدیلی آنا ممکن ہی نہیں اس حقیقت سے بھلا انکارکیا جا سکتاہے کہ موجودہ ارکان اسمبلی کوعام آدمی کے مسائل سے دلچسپی ہے نہ تعلق۔ یہ عام آدمی کے بارے میں سوچتے بھی نہیں ہوں گے بیشتر سیاستدان قومی وسائل پر قابض ہیں جبکہ عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں بندہ پائو آدھا کلو گوشت لینے چلا جائے قصائی کا انداز ایسا بے رحم ہوتاہے غریب کا دل کرتاہے گوشت نہ کھائے اس سے بہتر ہے کہ زہر کھا لے۔

ان حالات میں عمران خان کی بات نہیں انہوں نے صرف موروثی سیاست کے خلاف مورچہ سنبھالا ہواہے جبکہ شیخ الاسلام طاہر القادری اور شیخ رشید عوامی ایشوپر بات کرتے ہیں اور انکی بات دل کو لگتی ہے وہ موجودہ سسٹم کے خلاف ہیں جتنی منظم سٹریٹ پاور عوامی تحریک کے پاس ہے شاید کسی کے پاس نہ ہو اسی لئے کئی بزر جمہروں نے میاں نواز شریف کو ایک احمقانہ مشورہ دیا کہ عمران خان اور طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہیں اب تو انہیں اشتہاری بھی قرار دیا جا چکا ہے موقعہ اچھا ہے ان کو گرفتار کرلیا جائے
لیکن میاں نواز شریف نے اپنے ایسا کرنے سے انکار کر دیا کہ ایسے تو وہ ہیرو بن جائیں گے اور۔۔ایک بات بڑی عجیب ہے شیخ رشید ،عمران خان اورطاہر القادری ،چوہدری برادران چاروں موجودہ حکومت کے خلاف ہیں ۔۔میاں نواز شریف کو ٹف ٹائم دینا بھی چاہتے ہیں لیکن ان میں بھی کوئی اشتراک ِ عمل نہیں ۔۔۔تال میل بھی نہیں ۔۔۔منصوبہ بندی نظر آرہی ہے نہ حکمت ِ عملی ۔۔۔ علیحدہ علیحدہ تنہا تنہا۔۔ کیا احتجاجی تحریکیں اس طرح بھی چلائی جا سکتی ہیں 30 نومبرکو کیا ہوگا عمران خان کے دل میں ایسا ضرور کچھ ہے جس کی پردہ داری ہے
یاپھر وہ ڈبل مائنڈڈ ہیں اس وقت عمران خان اور چوہدری برادران ۔۔۔میاں نواز شریف کو ٹین شین دینے کیلئے حکومت مخالف ہر سیاستدان سے رابطے کر رہے ہیں کچھ لوگوںکا خیال ہے جس دن ان کی میاں صاحب سے لائن سیدھی ہوگئی یہ ٹائیں ٹائیں بھی قش ہو جائے گی۔۔۔بہرحال یہ بات غورطلب ہے کہ ہم اتنے تہی دامن ہیں کہ ہمارے پاس تمام دکاندارہیں کام کا سیاستدان ایک بھی نہیں دور کہیں دور استاد امانت علی ۔۔انشاء جی کی غزل گارہے تھے
جس جھولی میں سو چھید ہوئے
اس دامن کا پھیلانا کیا؟

تحریر : ایم سرور صدیقی
