
لاہور (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ تاثر ہے سندھ حکومت اپنے مقاصد کیلئے کراچی میں کاروائیاں کر رہی ہے، ایسا لگتا ہے ایم کیو ایم کو آپریشن کا مطالبہ کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ دہشت گردی کے مراکز کا سب کو معلوم ہے۔امن کیلئے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ معلوم اور مطلوب دہشت گردوں کے خلاف کاروائی ہونی چاہئے۔ فاروق ستار نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کراچی آپریشن کو ناکام ہونے سے بچایا جائے۔
پنجاب، وفاق اور ایم کیو ایم کو ملا کر آپریشن کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاثر ہے سندھ حکومت اپنے مقاصد کیلئے کراچی میں آپریشن کرنا چاہتی ہے۔ ہم نے سندھ حکومت کو تعاون کی پیش کش کی مگر مدعی سست گواہ چست والا معاملہ ہے۔ سندھ حکومت ہمارا تعاون لیتی تو نتائج مختلف ہوتے۔ایسا لگتا ہے ایم کیو ایم کو آپریشن کا مطالبہ کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔
