
ممبئی (جیوڈیسک) بولی ووڈکی دبنگ ہیروئن سوناکشی سنہا اور بینڈ باجا بارات سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والے ہیرو رنویر سنگھ کی بحیثیت ہیرو ہیروئن پہلی رومانٹک ڈرامہ فلم لٹیرا کے ٹریلر کے بعد نئے گانے کی وڈیو بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔ امیتابھ بھٹاچاریہ کے تحریر کردہ زندہ ہوں یار، کافی ہے کے بولوں پر مبنی اس گانے کو فلم کی موسیقی ترتیب دینے والے موسیقار امیت ترویدی نے خود اپنی آواز میں ریکارڈ کیا ہے۔
فلم اڑان سے شہرت حاصل کرنے والے ہدایتکار وکرم ادیتیہ موٹوانی کی اس فلم کو ان کی ساتھ ساتھ بالاجی ٹیلی فلمز کی ایکتا اور شوبھا کپور، وکاس بہل، انوراگ کیشپ اورمدھو مانٹینا نے پروڈیوس کیا ہے۔ اس فلم کا اسکرین پلے خود وکرم ادیتیہ موٹوانی نے بھاوانی آئیر کے ساتھ مل کر تحریر کیا ہے جس میں رنویر سوناکشی سنہا کے ساتھ پہلی بار رومانس کرتے نظر آرہے ہیں۔
فلم لٹیرا میں 1950 کی دہائی کی ایک رومانوی کہانی پیش کی گئی ہے جس میں ہیروہیروئن اپنے والدین کی مرضی کیخلاف بھاگ کر شادی کرتے ہیں جو تلخ مراحل سے گزر کر نیا موڑ لے لیتی ہے۔ ڈرامہ اور رومانس سے بھرپور فلم” لٹیرا” بالاجی موشن پکچرز اور فینٹم فلمز کے تحت رواں سال 5 جولائی کو ریلیز کی جائیگی۔
