
سیؤل (جیوڈیسک) جنوبی کوریا کی صدر پارک جیون ہائے نے کابینہ کے سات ارکان کو تبدیل کر دیا ہے، جس کا مقصد جہاز حادثے پر عوامی غصے اور عدم اعتماد کو کم کرنا ہے۔ صدر پاک جیون ہائے نے منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کابینہ میں اتنے بڑے پیمانے پر رد و بدل کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے صدارتی ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خزانہ، سکیورٹی، تعلیم، سائنس، ثقافت، محنت اور صنفی مساوات کے محکموں کے وزرا تبدیل کئے گئے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم، وزیر دفاع اور انٹیلی جنس چیف کو بھی تبدیل کیا جا چکا ہے۔ جہاز حادثے میں تین سو سے زائد افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے جن میں اکثریت اسکول کے طلبا کی تھی، رواں ہفتے کے اوائل میں جنوبی کوریا کے پولیس اہلکاروں نے کشتی حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں ایک مقام پر چھاپا مارا تھا۔
