
سری نگر (جیوڈیسک) بھارتی سارک گالف ٹور نامنٹ میں شرکت کیلئے سری نگر آنے والی 28 رکنی پاکستانی گولف ٹیم کا گروپ سیلاب میں گھر گیا جسے بھارتی فوج نے بچا لیا۔
بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے سری نگر کے سیلاب متاثرہ علاقوں سے 28 رکنی پاکستانی گالف ٹیم اورنیپال کے سفیر کو بچایا ہے۔ پاکستانی ٹیم سارک گالف ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے سری نگر میں موجود تھی جب کہ 17 رکنی نیپالی ٹیم سرکاری کام پر مامور تھیں۔ سری نگر میں فوج کی ایک امدادی کشتی کو مدد کے لئے خواتین کے ایک گروپ نے کال کی جو پاکستانی شہری تھیں۔
جب ان میں سے تین کشتی میں سوار ہوئیں تو بھارتی فوج کو بتایا گہ کہ ہم 28 رکنی گروپ پاکستانی ہیں جن میں مرد ، خواتین اور ایک دس سالہ بچہ اقصہ جمشید بھی شامل ہی،وہ تمام سری نگر کے مختلف مقامات میں سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان کا گروپ سری نگر میں سارک گالف ٹورنا منٹ میں شرکت کے لئے آیا تھا،اب اس ٹورنامنٹ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
فوج نے ان کو امدادی کشتیوں میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں پہنچایا جہاں انہیں لاہور بھیجنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ لاہور چھاؤنی سے نثار کالونی کی رہائشی 57 سالہ فائزہ ملک گزشتہ ہفتے سری نگر پہنچی تھیں جس ہوٹل کی پہلی منزل پر ان کا قیام تھا وہاں پانی آگیا، پھر وہ دوسری منزل پر گئے لیکن کھڑکیوں سے پانی رات بھر آتا رہا۔
انہیں خوراک، بجلی، موبائل اور حفظان صحت کی دیگر کوئی سہولت میسر نہیں ہوئیں، 28 رکنی یہ گروپ تین بیجوں میں تقسیم ہو گیا اور دو راتیں اور اتوار کا روز اسی طرح بے بسی میں گزارا، ان میں سے ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ امید ختم ہو رہی تھی۔
بروقت امداد پر انہوں نے بھارتی فوج کا شکریہ ادا کیا۔ بھارتی فوج نے ان تمام پاکستانی شہریوں کے پتے اور پاسپورٹ نمبر درج کیے۔ سری نگر کے کور 15 کے کرنل پانڈے کا کہنا ہے انہیں نہرو ہیلی پیڈ سے ائیرپورٹ لے جایا جائے گا جہاں انہیں دہلی یا پاکستان بھیجا جائے گا۔
