
سری نگر (جیوڈیسک) اسلامیہ جمہوریہ ایران کے ایک اعلی سطحی وفد کی میرواعظ عمر فاروق سے ملاقات سیلاب متاثرین کیساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا آزمائش کی گھڑی میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی۔
کے ایم ایس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے ایک اعلی سطحی وفد نے آغا سید حسینی اور آغا سید محمد تقی کی قیادت میں چیئرمین حریت کانفرنس میرواعظ محمد عمر فاروق کیساتھ ملاقات کی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے ایران کایہ پہلا وفد ہے جس نے کشمیر آتے ہی سب سے پہلے میرواعظ کے ساتھ ملاقات کی۔
میرواعظ نے وفد کو بتایا کہ ہلاکت خیز سیلاب میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کے ساتھ ساتھ مکانات ، جائیداد اور دیگر املاک کے نقصانات کا تخمینہ 80ہزار سے لے کر ایک لاکھ کروڑ تک ہے۔ جس کی تلافی مقامی وسائل سے نا ممکن ہے اور اس کیلئے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی برادری کی مدد نا گزیر ہے اور مجھے امید ہے کہ اس ضمن میں برادر ملک ایران بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی ممکنہ مدد سے پیچھے نہیں رہیگا۔
مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے بین الاقوامی امداد کو مقبوضہ علاقے آنے کی اجازت دے۔
