
سوئیڈن (جیوڈیسک) سوئیڈن میں شرپسندوں نے ایک اور مسجد پر حملہ کیا اور اُسے آگ لگادی۔ چار روز میں دو مسجدوں پر حملے کیے جا چکے ہیں۔
سوئیڈن میں مساجد پر ایک کے بعد ایک حملوں نے مسلمانوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ گزشتہ روز جنوبی قصبے Eslov میں شرپسندوں نے ایک مسجد کو آگ لگادی۔
فائر فائٹرز نے جلد ہی آگ پر قابو پالیا۔ خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ۔پولیس آفیسر Marie Keismar کاکہناہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ امامSamir Muric نے اسے مسلمانوں پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیلووین کے تہوار کےبعد سے مسجد کے احاطے میں دو بارتوڑ پھوڑکی گئی اور اب اسے آگ لگادی گئی۔ یہ صورت حال تشویش ناک ہے۔اس سے پہلے بھی کرسمس کے موقع پرایسکلس ٹوناEskilstuna کے علاقے میں ایک مسجد کو آگ لگائی گئی تھی جس میں 5 نمازی بھی زخمی ہوگئے تھے۔
سوئیڈین میں ان دنوں غیرملکی تارکین وطن کے معاملے پر بحث جاری ہے ۔ ملک کی تیسری بڑی پارٹی سوئیڈن ڈیموکریٹس حکومت سے مطالبہ کررہی ہے کہ امیگریشن قوانین مزید سخت بناکر تارکین وطن کو سوئیڈن آنے سے روکا جائے۔
