
سٹاک ہوم (جیوڈیسک) ہالینڈ نے سویڈن کے نزدیک نظر آنے والی پراسرار غیر ملکی آب دوز سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے جس کے بعد اس مبینہ آب دوزکی موجودگی کا معاملہ مزید الجھ گیا ہے۔
سویڈن کی فوج نے گزشتہ چند روز کے دوران کسی غیر ملکی چیز کے زیرِ آب نقل و حرکت کے تین واقعات نوٹ کیے تھے جس کے بعد ذرائع ابلاغ میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں کہ شاید روس کی کوئی آب دوز علاقے میں گشت کر رہی ہے۔
روس کی وزارتِ دفاع نے پیر کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ رڈار پر زیرِ آب نظر آنے والی چیز ہالینڈ کی آب دوز ، برونیویس ہوسکتی ہے جس نے چند روز قبل سویڈن کے ساحل کے نزدیک ہونے والی فوجی مشقوں میں حصہ لیا تھا۔
تاہم ہالینڈ کی وزارتِ دفاع نے اس کی تردید کر دی ہے۔ سویڈن کے ایک اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سویڈن کے حکام نے روس کی ایک ایمرجنسی ٹرانسمیشن سنی ہے جس میں سٹاک ہوم کے نزدیک جزائر میں ایک روسی کشتی کی خرابی کا ذکر کیا گیا تھا۔ مگر روس اس سے انکار کرتا ہے۔
