
واشنگٹن (جیوڈیسک) شامی فضائیہ کی جانب سے ادلب میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر کی جانے والی بمباری کو امریکا نے خوفناک قرار دیا ہے۔ واشنگٹن نے اس حالیہ بمباری سے متعلق رپورٹس اور تصاویر سامنے آنے پر اسے بشارالاسد کی بربریت کا نام دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ ہم اسد کی ادلب میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر بمباری کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کو دیکھ کر خوفزدہ ہو گئے ہیں۔ واضح رہے حبیت نامی کیمپ پراس بمباری میں دس شامی پناہ گزین ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انسانی لاشوں کے چیتھڑے درختوں کی شاخوں میں الجھے ہوئے ہیں۔
جین ساکی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اسد کے جنگی طیاروں کی یہ بمباری سوائے بربریت کے کچھ نہ تھی۔
