
برطانیہ (جیوڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ شامی باغی انسانوں کا گوشت کھاتے ہیں، مغرب شامی باغیوں کو کیوں مسلح کرنا چاہتا ہے جبکہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کہتے ہیں کہ شامی صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانا ناگزیر ہے۔ لندن میں جی ایٹ سربراہ اجلاس سے قبل روسی صدر پوٹن اور برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
روسی صدر نے کہا کہ آدم خور شامی باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ آدم خوری کی اقدار روس میں نا قابل برداشت ہیں۔ روسی صدر نییو ٹیوب پر چلنے والی ایک ویڈیو کا حوالہ بھی دیا جس میں ایک باغی کو شامی فوجی کو قتل کر کے اس کا دل نکال کر کھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ صدر پیوٹن نے سوال کیا کہ مغرب شامی باغیوں کو کیوں مسلح کرنا چاہتا ہے۔
روس عالمی قوانین کے مطابق شامی حکومت کو اسلحہ فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ اگر ہم نے شام کو قاتل ڈکٹیٹر اور انتہا پسند ظالم باغیوں کے ہاتھوں میں چھوڑ دیا تو ہم سب کو اس کا خمیازہ بھگتنا ہو گا۔ روسی اور برطانوی سربرہان کی حالیہ گفتگو امریکا کی جانب سے شامی باغیوں کو مسلح کرنے کے فیصلے کے بعد ہوئی۔ تاہم ابھی تک برطانیہ نے شامی باغیوں کی اسلحہ کی فراہمی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
