
جنیوا (جیوڈیسک) شام میں باغیوں نے جھڑپوں کے دوران 21 شہریوں اور 20 صدر بشار الاسد کے حامی جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق باغیوں نے تمام افراد کو صوبہ حماکے گائوں الاوتی میں ہلاک کیا۔ مرنے والوں میں سے 10 افراد کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے۔ باغیوں نے بشار الاسد کی افواج سے وسطی صوبے ہاما کے گائوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔اے ایف پی کے مطابق شامی فضائیہ نے لبنان کے سرحدی قصبے میں 2 فضائی حملے کیے ہیں جس میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
دریں اثنا حمص سے اقوام متحدہ نے جنگ بندی کے دوران مزید 300 محصورین کو نکال لیا ہے۔ دوسری طرف شام سے کیمیائی ہتھیاروں کی تیسری کھیپ روانہ ہو گئی ہے۔ کیمیائی ہتھیاروں کو روکنے والے اقوام متحدہ کے ادارے نے اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
کھیپ کو 4 ممالک کی نگرانی میں ناروے کے جہاز میں بھیجا گیا۔ ادھر جنیوا میں شامی باغیوں اور حکومتی نمائندوں کے درمیان امن مذاکرات کا ایک اور دور شروع ہو گیا ہے۔
