
اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات اورقومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہرالقادری جانتے ہیں کہ وہ جمہوری نظام کیساتھ نہیں چل سکتے۔
اپنے ایک جاری بیان میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کو معلوم ہے حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کررہی ہے اور افواج پاکستان آپریشن ضرب عضب میں مصروف ہے لیکن وہ ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جو دہشت گردوں کیلئے سازگارہو، وہ چاہتے ہیں قوم غیر متحد رہے۔
اور قوم کی توجہ آپریشن ضرب عضب کے بجائے ان کی احتجاجی سیاست پر مرکوز ہوجائے۔ طاہرالقادری ملکی تاریخ کے 2002 کے متنازعہ ترین انتخابات اور ریفرنڈم سے بننے والی حکومت کا حصہ رہے ہیں، وہ پنجاب بینک اسکینڈل اور این آئی سی ایل اسکینڈل پراس لئے خاموش ہیں کہ اس اسکینڈل میں ملوث افراد اب ان کے اتحادی ہیں۔
دریں اثناء وفاقی وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیر قانون سے استعفیٰ طلب کر کے ن لیگ کی حکومت نے مثال قائم کی ہے۔ سانحہ لاہور کی تحقیقاتی رپورٹ جوڈیشل کمیشن مرتب کرے گا، سابقہ حکومتوں کے ادوارمیں بھی کئی سانحات رونما ہوئے لیکن کسی نے بھی اپنے وزیرسے استعفیٰ طلب کرنے کی جرات نہیں کی۔
