
لاہور (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رہنما رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئیں جنہیں شیخ زید ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف اپنی بیٹی کے ہمراہ اقبال ٹاون لاہور میں جا رہی تھیں کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔
طاہرہ آصف کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق طاہرہ آصف کو چار گولیاں لگی ہیں اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے انہیں اٹھائیس بوتلیں خون لگایا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما عتیق کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ڈکیتی نہیں ٹارگٹ کلنگ ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قائمقام سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید بھی ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے طاہرہ آصف کے خاوند محمد آصف سے حملے کی تفصیلات حاصل کیں۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقیقات کے لئے دو کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ آپریشن کے دوران وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف طاہرہ آصف کی صحت بارے ڈاکٹروں سے معلومات حاصل کرتے رہے۔
ساڑھے پانچ گھنٹے تک آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے جسم سے گولیاں نکال کر آئی سی یو میں منتقل کر دیا ہے اور آئندہ چھتیس گھنٹے اہم قرار دیئے ہیں۔
