
لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی ائیر پورٹ سے ملحقہ اے ایس ایف ٹریننگ کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قومی سلامتی کے حساس اداروں کو خصوصی اختیارات دیئے جائیں۔
ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی اس وقت دہشت گردوں کی زد پر ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کیلئے سخت ایکشن کا اعلان کیا جائے۔
ہنگامی بنیادوں پر مسلح افواج، سیکیورٹی ایجنسیوں اور پیرا ملٹری کے اداروں کے سربراہان کا اجلاس بلا کر کراچی اور اہم قومی تنصیبات کو محفوظ بنانے اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جائے اور اس پر جلد ازجلد عملدرآمد کیا جائے۔
الطاف حسین نے کہا کہ رینجرز، پولیس اور اے ایس ایف کے بہادر جوان جس طرح دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں اس پر وہ زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ قوم کے ان بہادر بیٹوں کی مدد فرمائے۔
الطاف حسین نے کراچی کے شہریوں خصوصاً کاروباری حضرات، تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی سنگین اور نازک صورتحال میں لمحہ بہ لمحہ چوکس رہیں اوراپنی زندگیوں کے تحفظ کو اولیت دیں۔
