
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں سیکورٹی اہلکاروں پر خود کش حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکاروں ‘ خاتون اور دیگر افراد کیلئے دعائے مغفرت و زخمیوں کیلئے دعائے صحت کرتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی © ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ ودیگرنے کہا ہے کہ مقتدر استحصالی طبقات کے مظالم نے محروم و مظلوم طبقات میں جس احساس محرومی و مایوسی کو جنم دیا ہے۔
طاقتور اقوام نے جس طرح کمزور و مظلوم اقوام میں غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے ہیں اس کے نتیجے میں ہی پاکستان دشمن قوتیں مایوس و محروم طبقات کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرکے دہشتگردی کو فروغ دینے اور مسلسل ملک و قوم کو نقصان پہنچانے میں کامیاب ہیں۔
اسلئے جب تک استحصالی طبقات اور ان کی عوام دشمنی و کرپشن کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک نہ تو احساس محرومی و احساس مایوسی ختم ہوگا اور نہ ہی دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کرنا ممکن ہوسکے گا۔
