
بنکاک (جیوڈیسک) تھائی لینڈ میں وزیراعظم کے جلد حکومت توڑ کر انتخابات کرانے کے اعلان کو مخالفین نے مسترد کر دیا۔ بنکاک کی سڑکوں پر ہزاروں مظاہرین موجود ہیں۔
تھائی لینڈ کی وزیر اعظم ین لک شناوترا نے آج صبح سویرے پارلیمنٹ جلد از جلد توڑ نے کا اعلان حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آنے کے بعد کیا تھا۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ توڑ نے کے لیے شاہی فرمان کی درخواست کی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں سے مشاورت بھی کی ہے۔
تاہم اس اعلان کے باوجود حکومت مخالفین نے مظاہرے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مظاہرین کے رہنما Thaugsuban Suthep نے الیکشن کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد نئے انتخابات نہیں بلکہ غیر منتخب لوگوں کی کونسل کا قیام ہے۔
ین لک شناوترا پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے 2008 میں مستعفی ہونے والے اپنے بھائی سابق وزیر اعظم تھاکسن پر کرپشن کے الزام میں مقدمہ چلانے کی بجائے انہیں ملک سے جانے کا موقع دیا اور اب ایک ایمنسٹی بل کے ذریعے انہیں وطن واپس لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
