
ٹھل (جیوڈیسک) ٹھل ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹریک پر دھماکے سے کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ واقعے میں دو بچوں سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ بچوں اور خواتین سمیت درجنوں افراد زخمی بھی ہو گئے۔
اونڑ واہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا جس سے خوشحال ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ زور دار دھماکے سے ہر طرف چیخ و پکار اور افراتفری مچ گئی۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کار روائیاں شروع کر دیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ٹرین حادثے کے بعد سول اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی اور تمام ڈاکٹروں کو طلب کر لیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیئے۔
پولیس کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی ٹرین کی دو بوگیاں مکمل تباہ ہو گئی ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ ٹریک پر کیا جانے والا دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے آئی جی ریلوے پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے امدادی کار روائیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔ وفاقی وزیر نے مسافروں کے لئے متبادل ٹرین بھیجنے کی ہدایت بھی کر دی۔
