
فیصل آباد (جیوڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پٹرول پمپس پر تیل سستانہ ہوسکا، مالکان صارفین سے زائد نرخ وصول کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق یکم ستمبر کو حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے نئی قیمتوں کا نو ٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 106 روپے 56 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے لیکن پٹرول پمپ مالکان مقررہ نرخ پر تیل فروخت کرنے کی بجائے زائدقیمت پر فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔ پو لیس ویلفیئر کے نام پر گوجرہ روڈ پر قائم کئے گئے سرکاری فلنگ سٹیشن پر بھی پٹرول 110 روپے فی لٹر فروخت کیا جارہا ہے۔
قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود پٹرول سستانہیں ہوسکا اور نہ عوام کو اس حوالے سے کوئی ریلیف میسر آیا ہے بلکہ صارفین پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے جب پمپ مالکان سے بات کرتے ہیں تو ان کیساتھ بد تمیزی کی جاتی ہے ۔یہ بات بھی قابل تشویش ہے کہ گنجان آباد علاقوں میں متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کی ملی بھگت سے قائم شدہ پٹرول ایجنسیوں کے مالکان سرکاری نرخوں سے پٹرول کی فی لٹر قیمت 5 روپے زائد وصول کررہے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، عوامی حلقوں نے ڈی سی او ڈاکٹر فرح مسعود اور ڈی پی او ڈاکٹر شہزاد آصف سمیت دیگر متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ پو لیس ویلفیئر پمپ سمیت دیگر فلنگ سٹیشنوں پر پٹرول کی مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات عمل میں لائے جائیں۔
