کراچی : پاکستان رب رحمن کی وہ عظیم نعمت ہے جس کے طفیل ہم آزادہیں اور آج کا دن اس آزادی کے تحفظ کیلئے دیانتدارانہ ذمہ دارانہ محبانہ کردار کے ذریعے اس مملکت خداداد کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے عہد کا دن ہے کیونکہ پاکستان کی آزادی استحکام اور ترقی و خوشحالی ہی ہمارے اور ہماری نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے۔
یہ بات نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاؤنڈیشن ( این جی پی ایف)کے چیئرمین عمران چنگیزی جمیل اقبال سید محمد رئیس شیخ محمد کاشف ڈاکٹر سکندر فیصل خان شمع بانو محمد شیرازشیزی آغا آصف حسین محمد افضل مغل شری ہنس راجکمار اور دیگر مرکزی صوبائی و ضلعی کابینہ کے اراکین و عہدیداران نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کر تے ہوئے اپنے مشترکہ پیغام میں کہی۔
این جی پی ایف کے ہیڈ کوارٹر میں جشن آزادی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران چنگیزی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست 1947ء کو اللہ نے ہمیں غلامی سے نجات عطا کی مگر ہم بد نصیب آزادی ہونے کے باجود لسانیت تعصبات فرقہ پرستی اور سیاسی گروہ بندیوں کے اسیر بن گئے۔
جس نے ہمارے مستقبل کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے اسلئے یوم آزادی مناتے ہوئے ہمیں ہر قسم کے تعصبات نفرتوں اور گروہ بندیوں کی اسیری کے ساتھ استحصالی نظام سے نجات کا عزم اور اس کیخلاف جدوجہد کا آغاز بھی کرنا ہو گا۔
