
ٹوکیو (جیوڈیسک) خوبصورت اور دلکش رنگوں سے کاغذ پر بنائی گئی تصویریں اچانک حرکت کرنے لگیں تو آپ حیران پریشان ہو جائیں گے لیکن اب اسے حقیقت کا رنگ دے دیا گیا ہے جہاں ٹوکیو میں بچوں کی تخلیق کردہ رنگ برنگی مچھلیوں اور دیگر آبی حیات کی ڈرائنگ کو زندگی عطا کر دی گئی۔
ٹوکیو میں ایک لیب ٹیم نے بچوں کی رنگ بکھیرتی اس تخیلاتی دنیا کو پراجیکٹر کے ذریعے حرکت دے کر سب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ بچوں نے اپنی آرٹ کی صلاحیتوں سے رنگ برنگی مچھلیاں۔
جھینگے اور دیگر سمندری جانور بنائے جن کو پراجیکٹر کے ذریعے ایک دیوار پر کچھ اس طرح سے سجایا گیا کہ ایک بڑا مچھلی گھر وجود میں آگیا جسے دیکھ کر بچے خوشگوار حیرت میں کھو گئے اور وہ اس مچھلی گھر میں موجود اپنی آرٹ کو یوں حرکت کرتا ہوا دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔
لیب ٹیم کے انچارج اور اس آئیڈیا کے تخیلق کار آکیتائے میٹسوموٹو کا کہنا ہے کہ ان کے بچوں کی عمریں تین سال ہیں اور وہ ہر وقت موبائل پر کھیلتے رہتے تھے جس سے وہ بہت موٹے ہوگئے۔
انہیں دیکھ کر یہ خیال آیا کہ کچھ ایسا کام ہونا چاہئے جو دلچسپ بھی ہو اور ان بچوں کو جسمانی طور پر حرکت کو موقع بھی ملے، تب ہی اس تخیلاتی دنیا کو حقیقی رنگ میں بدلنے کا عزم کرلیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کام کو مکمل کرنے میں ایک سال کا عرصہ لگا۔
میٹسوموٹو کا خیال ہے کہ آج کل بچوں کی توجہ کا مرکز موبائل فون ہیں جو ان کی جسمانی نشوونما پر اثر انداز ہورہے ہیں لہذا اس بات کی ضرورت ہے کہ بچوں کے لیے ذرا مختلف قسم کے میدان بنائے جائیں تاکہ وہ تخلیقی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرسکیں جس کے لیے انہوں نےاس طرح کے 8 میدان تخلیق کیے ہیں جنہیں وہ میلان اور شنگھائی میں متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
