
کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد آباد میں الیکٹرونکس تاجر کا ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کے خلاف قائد آباد کے تاجروں کا احتجاج، تجارتی مراکز میں ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا تدارک نہ کیا گیا تو اپنا کاروبار بند کر کے سڑکوں پر دھرنا دینگے انجمن تاجران قائد آباد کا اعلان، تاجروں نے حکومت سندھ خصوصاً کراچی پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجارتی مراکز کے اطراف سیکورٹی کے انتظامات کو موثر بنا کر تاجروں اور صارفین کو تحفظ فراہم کیا جائے اس موقع پر احتجاجی تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران قائد آباد کے صدر شوکت ربانی نے کہا کہ تاجر زاہد قریشی کا قتل رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے تاجروں سے پر امن رہنے کے اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ ،رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قائد آباد کے تاجر زاہد قریشی کے قتل میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے شوکت ربانی نے کہا کہ شہر کے تجارتی مراکز میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافے کی روک تھام نہ کی گئی اور اس حوالے سے موثر حفاظتی انتظامات نہ کئے گئے تو تاجر اپنا کاروبار بند کرکے احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔
