
نیویارک (جیوڈیسک) امریکا میں نائن الیون کے بعد فراڈ کر کے حکومت سے فوائد حاصل کرنے والے ایمرجنسی سروسز کے درجنوں سابق اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیو یارک کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں 72 پولیس افسران،8 فائرفائٹرز اور پانچ دیگر اہلکار شامل ہیں۔
ان میں سے کچھ افراد پر سانحہ نائن الیون میں ذہنی اور جسمانی معذوری کا جھوٹا دعویٰ کرنے کا الزام ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح ان لوگوں نے کروڑوں ڈالرز کا فراڈ کیا اور ان لوگوں کے مفادات کو نقصان پہنچا یا جنہوں نے اپنی صحت اور جان کی پروا کیے سب سے پہلے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔
اس سلسلے میں ایک ریٹائرڈ پولیس افسر سمیت پانچ افراد کو نیو یارک کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق ایمرجنسی ورکرز کو تربیت دی کہ کس طرح وہ صحت کے مسائل اور ذہنی معذوری ظاہر کر کے فوائد حاصل کر سکتے ہیں اور اس کے جواب میں انہوں نے ہزاروں ڈالرز رشوت بھی وصول کی۔
