
انقرہ (جیوڈیسک) 2 روز ترکی میں کوئلے کی کان میں دھماکے اور آگ کے نتیجے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 280 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ حکومت نے ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ترکی کے مغربی صوبے مانیسا میں کان میں شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 282 ہو گئی ہے جب کہ 150 کے قریب افراد اب بھی کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔
امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو کو طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ حکام نے صوبے بھر کے اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر کے زخمیوں کے علاج کی ہدایت کی۔ دوسری جانب ترکی کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
ترکی کے وزیر توانائی کا ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حادثے کے وقت کان میں 780 سے زائد کان کن موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکا بجلی کی ترسیل کے نظام میں خرابی کے باعث ہوا جس کی وجہ سے کان کی لفٹ اور ہوا کا راستہ بند ہو گیا۔
