
واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کی ری پبلیکن پارٹی کے سینیٹر جان میک کین نے 40 سابق فوجیوں کی وفات پر شدید اظہار برہمی کیا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ ان سب کی وفات محض بروقت علاج نہ ملنے کے باعث ہوئی۔
اس سانحے کے ذمے دار صدر اوباما ہیں، ان کا فرض ہے کہ متعلقہ محکمے کے نااہل سربراہ شن سیکی کو بلاتاخیر برطرف کر کے واقعے کی مکمل تحقیقات فوری شروع کرنے کا حکم جاری کریں، جان میک کین نے کہا کہ سابق فوجیوں کیلئے بنائے گئے اسپتالوں کا انتظام انتہائی ناقص ہے، انہیں مطلوبہ ادویہ بھی بر وقت میسر نہیں ہوتیں۔
سابق فوجیوں میں بزرگ بڑی تعداد میں ہیں، امریکی قوم اپنے ان سابق محافظوں کو پینشن اور علاج کے علاوہ کوئی اور سہولت نہیں دیتی، یہ بھی ضرورت کے وقت نہ مل سکے تو پھر اوباما کو بلند بانگ دعوے کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
