لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر میں 14 فروری کو حیاء ڈے بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، پشاور سمیت ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں حیاء ڈے کے حوالے سے تقاریب منعقد کی گئیں۔
تعلیمی اداروں میں حیاء مارچ کیے گئے، حیاء کے موضوع پر سیمینارز، مذاکرے لیکچرز کروائے گئے۔ حیاء ڈے ے سلسلے میں اہم مقامات پر حیاء کیمپس لگائے گئے جہاں دن بھر حیاء کے موضوع پر ترانے اور دیگر نظمیں سنائی جاتی رہیں۔
اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مدثر احمد شاہ، ناظم لاہور سید مستقیم معین اور دیگر سیاسی اور مذہبی رہنمائوں نے شہر لاہور میں اہم شاہراہوں پر لگائے گئے آگاہی کیمپس کا دورہ کیا۔ سول لائنز، سائنس کالج، گلبرگ کالج اور پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کی ایک بڑی تعدادنے حیاء مارچ کیا۔ آگاہی کیمپس کے دورے کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مدثر احمد شاہ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ مغربی تہذیبی یلغار روکنے کے لیے حیاء کا کلچر عام کرنا ہو گا۔
فحاشی کو روکنے کے لیے حیاء کی تعلیمات سے آگاہی ضروری ہے۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعدادنے فرسودہ روائت کا بائیکاٹ کر کے حیاء ڈے منایا حیاء کے کلچر کے فروغ کے لیے نوجوانوں کا یہ قدم قابل تحسین ہے۔ اسلام حیاء کی تعلیم دیتا ہے۔ نام نہاد روشن خیالی کے نام پر فحاشی کوفروغ دیا جا رہا ہے۔غیر اسلامی اور فرسودہ روایات کے فروغ کے آگے بند باندھنا ہوں گے۔
حیاء اسلامی تہذیب کی طاقت ہے۔اسلام میں فحاشی اور فرسودہ روایات کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستانی معاشرے میں فحاشی کو فروغ دینے کے لیے فرسودہ روایات کو عام کیا جا رہا ہے۔سیکرٹری جنرل جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ فحاشی برائی کی جڑہے اس کے خاتمے کے لیے حیاء کا کلچر عام کرنا ہو گا۔ نوجوانوں نے فرسودہ روایات کا بائیکاٹ کیا ہے۔
میڈیا کے ذریعے مغری تہذیب کی ناکارہ روایات کو فروغ مل رہا ہے۔ ایسی بے ہودہ اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کو حیاء کے ذریعے ختم کیا جا سکتا ہے۔فحاشی کا پھیلائو ملکی تباہی کا سبب بنے گا۔ ویلنٹائن ڈے جیسی بے ہودہ روایات کا اسلام سے تعلق نہیں بلکہ مغربی تہذیب کی ناکارہ روایات ہیں۔ اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور سید مستقیم معین کا کہنا تھا کہ مغربی تہذیب کی کھوکھلی روایات کو معاشرے میں عام کرنے کے لیے میڈیا کا کردار لمحہ فکریہ ہے۔
اسلامی اقدار کے فروغ سے ہی ہم مضبوط ہو سکتے ہیں۔ پاکستان میں سازش کے تحت نوجوانوں میں فحاشی پھیلائی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام حیاء کا درس دیتا ہے۔ میڈیا کے ذریعے ایسی روایات کو فروغ دیا جا رہا ہے جو نظریہ پاکستان سے متصادم ہیں۔ نوجوان ویلنٹائن ڈے جیسی روایات کا بائیکاٹ کرتے ہوے حیاء کے کلچر کے فروغ کے لیے اپنا کردار اد کریں۔
